urdu hai jis ka nam

رختِ سفر یونہی تو نہ بیکار لے چلو
رستہ ہے دھوپ کا، کوئی دیوار لے چلو
طاقت نہیں زباں میں تو لکھ ہی لو دل کی بات
کوئی تو ساتھ صورتِ اظہار لے چلو
دیکھوں تو وہ بدل کے بھلا کیسا ہو گیا
مجھ کو بھی اس کے سامنے اک بار لے چلو
کب تک ندی کی تہہ میں اتارو گے کشتیاں
اب کے تو ہاتھ میں‌کوئی پتوار لے چلو
پڑتی ہیں دل پہ غم کی اگر سلوٹیں تو کیا
چہرے پہ تو خوشی کے کچھ آثار لے چلو
جتنے بھنور کہو گے، پہن لوں گا جسم پر
اک بار تو ندی کے مجھے پار لے چلو
کچھ بھی نہیں‌ اگر تو ہتھیلی پہ جاں‌سہی
تحفہ کوئی تو اس کے لئے یار لے چلو
جنگل میں آئے گا کوئی گاہگ کہاں عدیم
بکنا ہے گر تو ساتھ خریدار لے چلو

 
 
Make a Free Website with Yola.